منگلورو :6/مارچ (ایس او نیوز) 26فروری کی صبح سے شام تک میں اپنے حلقہ میں گھوم رہا تھا، آئندہ پیش ہونے والے بجٹ کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ میں شرکت کے لئے بنگلورو گیا تھانہ کہ کسی کے گھیراؤ کے خوف سے اور ڈر سے بھاگنے کے لئے گیا تھا، یہ بات کہتے ہوئے ریاستی کابینہ کے وزیر غذا سپلائی یوٹی قادر نے بی جے پی اور سنگھ پریوار پر پلٹ وار کیا ہے ۔ کلاپو میں کانگریس کمیٹی اور بلاک کانگریس کے اشتراک سے منعقدہ جن ویدنا سماویش میں وہ خطاب کررہے تھے۔
یوٹی قادر نے بی جے پی کے نظریات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک ریاست کے عوام سے منتخب وزیر اعلیٰ کی منگلورو آمد کی مخالفت کرتے ہوئےہڑتال کا اعلان کیا جاتاہے، بسوں پر پتھراؤ اور دفاتر کو آگ لگائی جاتی ہے، طلبا کے امتحانات میں روڑے اٹکائے جاتے ہیں توکوئی اس پر توجہ نہیں دیتا۔ صرف میرے بیان کو بہت بڑے مسئلہ کے طورپر اچھالا جاتاہے۔ بنگلورو میں اگرمیٹنگ نہیں ہوتی تو گھیراؤ کے لئے کتنے ہی لوگ کیوں نہ جمع ہوتے میں اس میٹنگ میں شرکت کرتا۔ تنظیم کی تعمیر اور تخریب دونوں بھی میں اچھی طرح جانتاہوں۔ اس موقع پر وزیر موصوف نےکہاکہ آئندہ بجٹ مٰیں ریاستی وزیر اعلیٰ بیرونی ممالک میں برسرروزگار ریاست کا کوئی بھی فرد مسائل یا مشکلات کی وجہ سےلوٹ کر آتاہے تو اس کی مستقبل کی زندگی کے لئے بجٹ میں خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی جے آر لوبو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکز میں جب یوپی اے کی حکومت تھی تو خام تیل کی بین الاقوامی قیمت فی بیارل 140ڈالر تھی آج اس کی قیمت صرف40 ڈالر ہے ۔ لیکن ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہوتاجارہاہے، نوٹ بندی سے ملک 30سال پیچھے چلا گیاہے۔ وزیراعظم میڈیا میں ہر دن کوئی نہ کوئی نیا بیان دے کر حالات کو مزید خوفناک بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ضمنی انتخابات میں منتخب ہوئے ممبران کی تہنیت کی گئی ۔ ودھا ن پریشد کے آئیون ڈیسوزا، اُلال بلدیہ صدر حسین کوئیں مونو ، ممبران محمد مکچیری ، مصطفیٰ یو اے ۔ دنیش رائی ، رضیا بانووغیرہ موجود تھے۔